میران شاہ(اوصاف ویب ڈیسک)……شمالی وزیر ستان میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کی بمباری میں 30سے زائد دہشتگرد ہلاک،متعدد ٹھکانے تباہ،مارے جانے والوں میں تحریک طالبان سید خان سجنا گروپ کے دہشتگرد بھی شامل ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاک افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں فضائی بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں 25 دہشت گرد ہلاک ہوئے،فضائی کارروائی میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوئے۔
مارے جانے والے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا
۔واضح ر ہے کہ گزشتہ برس دہشت گردوں کے خلاف شروع کئے گئے آپریشن ضرب عضب میں اب تک متعدد دہشت گرد ہلاک جب کہ ان کے درجنوں ٹھکانے بھی تباہ ہو چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فضائی کارروائی شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے علاقوں الوڑہ منڈی اور لٹکا میں کی گئی تھی ۔دریں اثنا جنوبی وزیرستان کی تحصیل شکئی میں بھی کوبرا ہیلی کاپٹرز نے شیلنگ کی جس میں چھ دہشت گرد مارے گئے، کارروائی میں شدت پسندوں کے چار ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے،ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سجنا گروپ کے دہشتگرد بھی شامل ہیں۔