اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم نواشریف اور امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیاگیاہے ،وزیراعظم کا کہناتھا کہ وہ اکتوبر میں دورہ امریکا کے منتظر ہیں اور یہ دورہ پاک امریکا تعلقات مستحکم کرنے کیلئے اچھا موقع ہے ۔
ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیاہے کہ سوزن رائس نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پاکستانی کی قربانیاں قابل ستائش ہیں اور ضرب عضب میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی تعریف بھی کی ۔امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے،پاکستان کے ساتھ دفاع، توانائی، معیشت کے شعبوں سمیت دہشت گردی کے خاتمے میں تعاون بڑھ رہا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران نواز شریف کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا اہم شراکت دار ہے، امریکا دفاع، انسداد دہشت گردی اور معیشت میں پاکستان کا پارٹنر ہے۔وزیر اعظم کا مزید کہناتھا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور افغانستان میں پائیدار امن کے لئے معاونت فراہم کرتا رہے گا۔نواز شریف نے امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائش کو ہندوستان کی جارحیت سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ذرائع کا یہ بھی کہناہے کہ امریکی قومی سلامتی کی مشیر ایک روزہ دورے پر اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گی جس دوران دو طرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی کے امور زیر غور آئیں گے۔