بھارت کاضرب عضب سے توجہ ہٹانے کا حربہ
راولپنڈی(اوصاف ویب ڈیسک)۔۔۔۔۔۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ پاکستان کی توجہ دہشتگردی کے خلاف جنگ سے ہٹانے کی ” ناکام کوشش” ہے۔
آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) میں ایل او سی پر اگلے مورچوں کے دورے کے موقع پر وہاں تعینات اہلکاروں سے خطاب میں جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک فوج کامیابی سے ” دو مختلف قسم کی جنگیں” لڑ رہی ہے اور وہ مادر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
آرمی چیف نے فوجی اہلکاروں کو عیدالضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے مورال، پروفیشنل ازم اور مادر وطن کے تحفظ کے لیے ان کی شجاعت سمیت ہندوستانی فوجیوں کی جانب سے ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دینے پر سراہا۔
سرحدی دیہات میں رہائش پذیر شہری آبادی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف نے ہندوستانی جارحیت کے جواب میں ان کی مزاحمت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج جارحیت سے متاثرہ شہریوں کو ہر قسم کی ضروری معاونت فراہم کرے گی۔
اس حوالے سے آئی ایس پی آر کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل عاصم باجوہ نے ٹوئیٹس بھی کیے۔
رواں ماہ پاکستان رینجرز اور بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے تین روزہ ششماہی اجلاس کے بعد ایل او سی پر سرحدی خلاف ورزیاں روکنے، اسمگلنگ کی روک تھام اور غلطی سے سرحد پار کرجانے والے افراد کی واپسی کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا تھا۔