کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغان طالبان نے بھی تباہ کن زلزلے سے متاثرہ افغان شہریوں کی امداد کا اعلان کردیا، متاثرہ علاقوں میں موجود ’’مجاہدین ‘‘کو زلزلہ متاثرین کو’’مکمل مدد‘‘ فراہم کرنے کا حکم دیدیا ہے۔گزشتہ روز آنیوالے شدیدزلزلے سے افغانستان میں کم ازکم 76 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق ریسکیو اہلکار طالبان کے زیر کنٹرول زلزلے سے متاثرہ صوبوں تک رسائی کی کوششیں کر رہے ہیں ۔دوسری طرف جنگجو گروپوں نے وعدہ کیا ہے کہ فلاحی و خیراتی تنظیموں کی ان علاقوں تک رسائی دیں گے۔طالبان کی جانب سے زلزلہ متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے فلاحی و خیراتی تنظیموں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ متاثرین کو خیمے ، خوراک اور طبی امداد فراہم کریں۔افغان ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ افغان صوبے بدخشاں ،تخار اور کنڑ زلزلے سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔