واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ نے پاکستان کو ڈرون طیارے سکین ایگل دینے کی منظوری دیدی ، پاکستان کو یہ طیارے فارن ملٹری سیلز پروگرام کے تحت دئیے جائیں گے ،20 گھنٹے فضا میں پرواز کر نے والا طیارہ 2 الگ کیمروں اور مواصلاتی نظام سے لیس ہوتا ہے،امریکی وزارت دفاع نے اس ڈرون کی پاکستان کو فروخت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ نے پاکستان کو ڈرون طیارے سکین ایگل دینے کی منظوری دیدی ہے ۔ "سکین ڈرون" کا ہارڈ وئیر اور ٹیکنیکل ڈیٹا اگلے برس اگست تک پاکستان کے سپرد کر دیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ90 فیصد ڈرون امریکہ میں تیار ہوگا جبکہ10 فیصد تیاری پاکستان میں ہوگی ، سکین ایگل ڈرون کی کل لمبائی ساڑھے چار فٹ ہے ، پیڈسٹل سے فضا میں داغا جانے ولا سکین ایگل مسلسل بیس گھنٹے پرواز کر سکتا ہے۔طیارہ دو الگ کیمروں اور مواصلاتی نظام سے لیس ہوتا ہے ، سکین ایگل ڈرون 92 میل کے دائرہ میں اپنے سٹیشن کے ساتھ رابطہ میں رہ کر موثر طریقہ سے جاسوسی اور نگرانی کا کام انجام دیتا ہے۔
"سکین ایگل“ 2 امریکی اداروں بوئنگ اور انسیٹیو نے تیار کیے ہیں ، پاکستان کو 5 طیارے ایک کروڑ 52 لاکھ ڈالر میں ملیں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں پہلے ہی ملکی ساختہ ڈرون براق ، ابابیل اور اطالوی ساختہ فالکو موجود ہے۔پاکستان دنیا کے ان 5 ممالک میں شامل ہے جو مسلح ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہیں۔