یو اے ای اور امریکہ کو ہم نے پاکستان کیخلاف بدظن کیا‘‘
ممبئی(اوصاف ویب ڈیسک)۔۔۔۔۔۔بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے دعویٰ کیاہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات اور امریکہ کو بھی اپنے ساتھ ملالیاہے ۔
ممبئی میں قومی سلامتی اور ترقی کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت نے اپنی سفارتکاری کی بدولت دہشتگردوں کی حمایت کرنے پر پہلی بار متحدہ عرب امارات کو بھی پاکستان کے خلاف آواز اٹھانے پر مجبور کردیاہے ۔
ان کے بقول متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ وہ بھارت میں دہشتگردی کو فروغ دینے سے باز رہے وہاں دہشتگردوں کو بھیجنا بند کرے ۔
عرب امارات نے واضح کردیاہے کہ پاکستان کو اس طرح کی کارروائیاں بند کرنا ہوں گی ۔
بھارتی وزیر داخلہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ خوشگوار تعلقات نہیں چاہتا جس کی وجہ سے اس نے سرحد پار کارروائیاں اور لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رکھی ہوئی ہیں
راجناتھ سنگھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ یو اے ای کی جانب سے پاکستان کیخلاف آواز اٹھانا سفارتکاری کے میدان میں بھارت کی مہارت اور کامیابیاں ہیں ۔
عالمی شدت پسند داعش سے بھارت کو خطرے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہاکہ بھارت ایک ایٹمی طاقت ہے اور اس طرح کی تنظیموں سے اچھی طرح نمٹنا جانتاہے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ ماؤ نواز باغیوں کے خلاف بھارت نے کارروائیوں میں 30فیصد کمی کردی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ مزید کم ہوجائیں گے۔